لاہور: موسم گرما کی تعطیلات کے بعد پنجاب بھر کے تمام سرکاری سکول 24 اگست سے دوبارہ کھولنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، جبکہ سکولوں کی اوپننگ سے قبل تمام سرکاری تعلیمی اداروں کا 100 فیصد معائنہ کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
حکام کے مطابق سکولوں کے معائنے کے دوران صفائی ستھرائی، کلاس رومز، واش رومز، کھیل کے میدان اور دیگر ضروری مقامات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ اسکولوں میں طلبہ کے لیے سازگار اور محفوظ ماحول کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔
متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ معائنے کے دوران سامنے آنے والی خامیوں کو سکول کھلنے سے قبل دور کیا جائے تاکہ طلبہ کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔




