راولپنڈی:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایران کا دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے۔ دورے کے دوران ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے اہم ملاقات ہوئی، جس میں ایران امریکا جنگ بندی سمیت مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں خطے میں کشیدگی کم کرنے، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور موجودہ تنازع کے پرامن خاتمے کے لیے اقدامات پر بھی جامع گفتگو ہوئی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی سپیکر باقر قالیباف، رہبر اعلیٰ کے نمائندے محسن رضائی، وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں علاقائی امن کے فروغ اور تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
ایرانی قیادت نے کشیدگی کم کرنے اور امن کی سہولت کاری کے لیے پاکستان کے مخلصانہ اور تعمیری کردار کو سراہا۔ دورے کے اختتام پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر وطن واپس پہنچ گئے۔




