اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سعودی پاک مشترکہ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے سعودی کاروباری وفد نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی وفد نے پاکستان میں زراعت، بندرگاہوں، شاہراہوں، ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ، رئیل اسٹیٹ، توانائی، بجلی کی تقسیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن کے مطابق دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کو باہمی مفاد پر مبنی اسٹریٹجک اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا خواہاں ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت سے حکومت اور کاروبار سے کاروبار تعاون کو فروغ دینے کے لیے یہ بہترین وقت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سعودی وفد کے دورے سے مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی راہ ہموار ہوگی۔
شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ کاروباری روابط مزید مضبوط بنانے کے لیے سعودی حکومت اور کاروباری برادری کی دلچسپی کا اعادہ کیا۔
سعودی وفد دورہ پاکستان کے دوران اعلیٰ حکومتی نمائندوں اور نجی شعبے کے اہم اسٹیک ہولڈرز سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔




