اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان پاکستان کے ساتھ آہنی دیوار کی طرح کھڑے ہیں، جبکہ ترکیہ اور سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔
قومی سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ پوری انسانیت کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ آپ ﷺ کی تعلیمات محبت، بھائی چارے، رواداری، صبر، حکمت اور انسانی مساوات کا درس دیتی ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ قومی سیرت النبی ﷺ کانفرنس پاکستان کی قابل فخر قومی روایت ہے، جہاں تمام مکاتب فکر کے علما، محققین اور مشائخ ایک چھت تلے جمع ہوتے ہیں۔ انہوں نے سیرت النبی ﷺ پر کتب اور مقالہ جات لکھنے والے علما و سکالرز اور نعت خواں حضرات کو انعامات حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم سب نبی کریم ﷺ کی رحمت کے سائے میں ایک ملت ہیں۔ نبی کریم ﷺ ہماری پہچان، عزت اور جان ہیں، جبکہ آپ ﷺ کی بعثت پوری انسانیت کے لیے عظیم احسان ہے۔ علما کرام ہماری اخلاقی اقدار کے پاسبان ہیں اور معاشرے میں محبت و رواداری کے فروغ میں ان کا کردار انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ صلح حدیبیہ عقل، حکمت اور دوراندیشی کا درس دیتی ہے، واقعۂ طائف صبر و برداشت کی عظیم مثال ہے، جبکہ فتح مکہ کے موقع پر نبی کریم ﷺ نے مخالفین کے لیے عام معافی کا اعلان کیا۔ خطبہ حجۃ الوداع انسانوں کی برابری اور مساوات کا عظیم منشور ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے مہاجرین و انصار میں بھائی چارہ قائم کیا اور اختلاف کے آداب و مکالمے کا طریقہ سکھایا۔ محبت، بھائی چارہ اور احساس معاشرتی مشکلات کے حل کا ذریعہ ہیں، اس لیے منبر و محراب سے محبت، رواداری اور بھائی چارے کا پیغام عام کیا جائے۔
وزیراعظم نے نئی نسل کو پاکستان کی امید اور مستقبل قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی تعلیم و تربیت اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ نئی نسل کے اخلاق و کردار کی تعمیر سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں کرنا ہوگی، اس مقصد کے لیے جامع خاکہ تیار کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قیام اتحاد و یکجہتی کا نتیجہ ہے اور بڑے سے بڑے چیلنج کا مقابلہ بھی اتحاد کے ذریعے کیا جاسکتا ہے۔ ختم نبوت کا پیغام بھی امت کی وحدت اور اتحاد سے جڑا ہے، اس لیے امت مسلمہ کو ذات اقدس ﷺ کو مرکز بنا کر متحد ہونا ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج پاکستان کے اندر بھی اتحاد کی شدید ضرورت ہے۔ عوام کو فتنہ اور مفاد پرست عناصر سے بچانا ہے جو تقسیم چاہتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان نے مکہ امن معاہدے کے ذریعے امن دشمنوں کو ناکام بنایا۔ ترکیہ اور سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ انہوں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی پاکستان کے لیے حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ آہنی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔
وزیراعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی امن کے لیے خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
کانفرنس میں وفاقی کابینہ کے ارکان سمیت اعلیٰ حکام، علما، محققین اور مشائخ نے شرکت کی، جبکہ سیرت النبی ﷺ پر کتب اور مقالہ جات لکھنے والوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔




