پاکستان
Trending

اسحاق ڈار، ایڈ ملی بینڈ ملاقات؛ پاک برطانیہ تعلقات پر مذاکراتی میکنزم بنانے کا فیصلہ

 

اسلام آباد/لندن: ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ کے درمیان لندن میں ملاقات ہوئی، جس میں پاک برطانیہ تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال سمیت متعدد اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک نے وزارت خارجہ کی سطح پر باقاعدہ مذاکرات کا طریقہ کار وضع کرنے پر اتفاق کیا۔ اس میکنزم کے ذریعے دوطرفہ تعاون کے مختلف شعبوں میں پیش رفت کا جائزہ باقاعدگی سے لیا جائے گا، جبکہ اعلیٰ سطحی روابط برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ اسحاق ڈار نے خطے میں پاکستان کی سفارتی اور ثالثی کوششوں سے برطانوی ہم منصب کو آگاہ کیا۔ ایڈ ملی بینڈ نے پاکستان کے تعمیری کردار اور سہولت کاری کی کوششوں کو سراہا۔

سندھ طاس معاہدے کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے بھارت کی جانب سے بین الاقوامی ذمہ داریوں کی مسلسل خلاف ورزیوں پر پاکستان کی تشویش کا اظہار کیا اور بین الاقوامی قانون و معاہدوں کی پاسداری یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اسحاق ڈار نے افغان سرزمین سے لاحق دہشتگرد خطرات کا معاملہ بھی برطانوی وزیر خارجہ کے سامنے اٹھایا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

ملاقات کے دوران پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو بھی اہم قرار دیا گیا، جبکہ دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان روابط مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button