استنبول: ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا مکہ پیکٹ خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک مضبوط علاقائی تعاون کا آغاز ہے، جس میں مزید برادر ممالک کو بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔
مکہ پیکٹ کے تحت قائم اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں حاقان فیدان نے کہا کہ مکہ پیکٹ ایک تاریخی قدم ہے۔ خطے میں امن کے لیے علاقائی ممالک کو مل کر کام کرنا ہوگا اور سلامتی کے لیے مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس کا مقصد علاقائی امن و استحکام کا فروغ تھا، جبکہ خطے کی سلامتی کے لیے عملی ڈھانچہ قائم کرنے کی جانب ٹھوس اقدامات کیے گئے ہیں۔ مکہ پیکٹ کے رکن ممالک امن کے قیام کے لیے پُرعزم ہیں اور اجلاس میں کیے گئے فیصلے نتیجہ خیز ثابت ہوں گے۔
ترک وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا اتحاد بین الاقوامی قانون پر مبنی ہے اور کسی مخصوص ریاست کے خلاف نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تینوں ممالک ایسا مضبوط اتحاد قائم کرنا چاہتے ہیں جو خطے کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔
حاقان فیدان کا کہنا تھا کہ ترکیہ اپنے برادر ممالک کے ساتھ ہر مشکل میں کھڑا رہا ہے اور آئندہ بھی ان کی مدد جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ خطے کے تمام ممالک کو امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔
انہوں نے بتایا کہ مکہ پیکٹ میں مزید ممالک کی شمولیت کے دروازے کھلے ہیں اور دیگر برادر ممالک طے شدہ شرائط کے تحت معاہدے کا حصہ بن سکتے ہیں۔
حاقان فیدان نے کہا کہ مکہ پیکٹ کو اس انداز میں تشکیل دیا گیا ہے کہ مستقبل میں مزید ممالک کو شامل کیا جاسکے اور خطے میں امن و سلامتی کے لیے ایک مؤثر علاقائی ڈھانچہ قائم ہو۔




