اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے نائب صدر ینگ منگ یانگ نے ملاقات کی، جس میں 2026 سے 2030 تک نئی کنٹری پارٹنرشپ اسٹریٹجی کے تحت پاکستان اور اے ڈی بی کے درمیان تعاون میں مزید اضافے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور اے ڈی بی کی کئی دہائیوں پر محیط ترقیاتی شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ بینک نے پاکستان کی معاشی و ترقیاتی ضروریات میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کی مالیاتی اور انتظامی اصلاحات کے نتیجے میں ملکی معیشت میں استحکام آیا اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کے معاشی منظرنامے کو مستحکم قرار دینا بھی مثبت پیش رفت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ انتظامی رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے خصوصی ٹاسک فورسز کے ذریعے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ حکومت معاشی اصلاحات کا عمل جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے امیدوار سفیر اولارا اوتونو نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور عالمی سطح پر تعاون سے متعلق معاملات پر گفتگو ہوئی۔




