ملتان: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نشتر ہسپتال ملتان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کوابلیشن اور کینسر سنٹر کا افتتاح کردیا، جبکہ پیٹ سی ٹی سائیکلوٹرون سنٹر کا بھی معائنہ کیا۔
وزیراعلیٰ نے کوابلیشن مشین سے کینسر کا علاج کرانے والی پہلی مریضہ مسرت ارشد سے ملاقات کی۔ کمالیہ کی 55 سالہ مسرت ارشد کامیاب علاج کے بعد مریم نواز سے ملاقات کے دوران جذباتی ہوگئیں اور خوشی سے رو پڑیں۔
مریم نواز نے میاں چنوں کی 24 سالہ نسرین کی بھی عیادت کی اور اس سے شفقت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے مریضوں کی خیریت دریافت کی اور علاج معالجے کی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
دورے کے دوران وزیراعلیٰ عوام کے قریب گئیں، شہریوں سے ملاقات کی اور ان سے گفتگو بھی کی۔ مریم نواز نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور جدید علاج کے مراکز کا جائزہ لیا۔




