اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کوہاٹ میں پولیس لائنز کے قریب بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی شہادت اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکاروں کے اہلخانہ سے تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کوہاٹ دھماکے کو دہشتگردی کا بزدلانہ، انتہائی افسوسناک اور ناقابل قبول واقعہ قرار دیا۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام سے دھماکے کی نوعیت اور وجوہات کے بارے میں رپورٹ بھی طلب کرلی۔
وزیراعظم نے شہدا کے اہلخانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
دریں اثنا، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے بھی کوہاٹ پولیس لائنز کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔




