پشاور: پشاور میں ریڈیو پاکستان کی نوتعمیر شدہ عمارت کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے عمارت کا افتتاح کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ نے ریڈیو پاکستان پشاور کی بحالی پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ خیبرپختونخوا عزت، غیرت اور وقار کی دھرتی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ قوم کو حق و باطل اور سچ و جھوٹ کے درمیان فیصلہ کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ریڈیو پاکستان کی عمارت کو نقصان پہنچانے کا واقعہ افسوسناک تھا، ریڈیو پاکستان سے دشمنی دراصل پاکستان سے دشمنی ہے۔
عطا تارڑ نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو انتشار کے بجائے تعمیر و ترقی اور ملکی مضبوطی کی بات کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ خودمختاری اور ترقی کی بات کی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے نواز شریف کی جانب سے پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملکی دفاع کو مضبوط بنانا قومی ترجیحات میں شامل رہا ہے۔
عطا تارڑ نے خیبرپختونخوا حکومت پر زور دیا کہ پشاور میں سیف سٹی منصوبے سمیت شہریوں کے تحفظ اور امن و امان کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔




