اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل تبدیلی معاشی استحکام سے پائیدار ترقی کی جانب منتقلی کا اہم ذریعہ ہے، ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے کیش لیس ادائیگیوں اور ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کو وسعت دینا ہوگی۔
ڈی سی او کے اعلیٰ سطحی وزارتی مکالمے سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے فری لانسرز کی صلاحیتوں کو اعلیٰ مہارت کی حامل ڈیجیٹل خدمات کی طرف منتقل کرنے پر توجہ دے رہا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ورچوئل اثاثہ جات کو محض کرپٹو کرنسی تک محدود نہیں کیا جاسکتا، اس شعبے کے لیے قانون سازی، نگرانی اور لائسنسنگ کے نظام پر کام جاری ہے۔
انہوں نے کم لاگت ترسیلاتِ زر کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری قرض اور رئیل اسٹیٹ کی ٹوکنائزیشن کے امکانات پر بھی توجہ دینا ہوگی۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل معیشت میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے ڈی سی او کے رکن ممالک کے درمیان تعاون اور مشترکہ اقدامات کو فروغ دینا ضروری ہے۔




