کراچی: پاک بحریہ کی آبدوز پی این ایس ایم ہنگور نے شمالی بحیرۂ عرب میں پہلی لائیو ویپن فائرنگ کامیابی سے مکمل کرلی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہنگور نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے اینٹی شپ کروز میزائل کو کامیابی سے فائر کیا۔ چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے فائرنگ کے عملی مظاہرے کا مشاہدہ کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پی این ایس ایم ہنگور کی کامیاب فائرنگ پاک بحریہ کی زیرِ آب جنگی صلاحیتوں میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔
نیول چیف نے آبدوز کی جنگی صلاحیت اور عملے کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ زیرِ آب جنگی صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ آپریشنل تیاری اور قابلِ اعتماد دفاعی صلاحیت کے لیے ضروری ہے۔
ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ پاک بحریہ ملک کی بحری سرحدوں کے دفاع اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پُرعزم ہے۔




