پاکستان
Trending

خیبرپختونخوا میں امن و امان اولین ترجیح ہونی چاہیے، امیر مقام

 

پشاور: وفاقی وزیر امیر مقام نے خیبرپختونخوا حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں دہشت گردی اور بدامنی کی صورتحال کے پیش نظر حکومت کو احتجاجی سرگرمیوں کے بجائے امن و امان اور عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیے۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام ایک طویل عرصے سے دہشت گردی کا سامنا کر رہے ہیں اور صوبے کے مختلف علاقوں میں مسلسل دہشت گردی کے واقعات پیش آ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امن کے بغیر صوبے میں ترقی اور عوامی مسائل کا حل ممکن نہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت کو تقریباً 13 سال ہو چکے ہیں، تاہم ان کے بقول صوبے میں تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات کے شعبوں میں مطلوبہ بہتری نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ادوار میں وزرائے اعلیٰ تبدیل ہوتے رہے، لیکن عوام کی حالت میں نمایاں تبدیلی نہیں آئی۔

امیر مقام نے الزام عائد کیا کہ موجودہ صوبائی حکومت کی توجہ عوامی مسائل کے بجائے احتجاجی سرگرمیوں اور ایک سیاسی قیدی کی رہائی پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے صوبے کی بہتری اور عوامی فلاح کو اپنی ترجیحات میں شامل کرنا چاہیے۔

انہوں نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے باعث بعض علاقے نوگو ایریاز میں تبدیل ہو چکے ہیں، جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کے خلاف فرنٹ لائن پر کارروائیاں کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے دہشت گردی کے خلاف تمام سیاسی جماعتوں اور عوام کو متحد ہونے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن کے قیام کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی۔

امیر مقام نے موجودہ صوبائی حکومت کے طرز حکمرانی پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ترجیحات واضح نہیں ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ صوبائی حکومت آئی جی پولیس اور چیف سیکریٹری کے اختیارات اپنے ماتحت کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین کے خلاف قانون سازی قابل قبول نہیں اور تمام اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے۔ امیر مقام کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی اور صوبے کی صورتحال سے متعلق مزید حقائق جلد سامنے لائے جائیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی ترقی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے امن و امان، صحت اور تعلیم کے مسائل پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button