راولپنڈی: پاکستان نے مقامی طور پر تیار کردہ فتح 4 کروز میزائل کے توسیعی ورژن کا کامیاب تجربہ کر لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فتح 4 ایک زمین سے مار کرنے والا کروز میزائل ہے، جو جدید ایویونکس اور نیویگیشنل نظام سے لیس ہے۔ میزائل طویل فاصلے پر موجود اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تجربے کے دوران میزائل کے مختلف ذیلی نظاموں کے اضافی تکنیکی پیرامیٹرز کی بھی توثیق کی گئی۔ ان پیمانوں کی تصدیق کا مقصد میزائل کی درستگی اور بقا کی صلاحیت کو مزید بہتر بنانا ہے۔
پاک فوج کے مطابق فتح 4 کے ایکسٹینڈڈ ورژن کا کامیاب تجربہ پاکستان کی دفاعی اور تکنیکی صلاحیتوں میں اہم پیش رفت ہے۔ تجربے کا مشاہدہ پاک فوج کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔
صدرِ مملکت، وزیراعظم، چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے کامیاب تجربے پر اظہارِ مسرت کرتے ہوئے متعلقہ سائنسدانوں، انجینئرز اور دیگر افراد کی تکنیکی مہارت، لگن اور عزم کو سراہا۔




