پاکستان
Trending

شاہراہوں کی تعمیر میں نجی شعبے کی شمولیت، وزیراعظم کی حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت

 

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت کردی، جبکہ شاہراہوں کی تعمیر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کرنے کا حکم دیا ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت این ایچ اے کے امور سے متعلق جائزہ اجلاس میں قومی شاہراہوں، موٹر ویز اور ایکسپریس ویز کے جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آمدورفت کے ذرائع میں بہتری ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔ حکومت دور دراز علاقوں کو ملک کے دیگر حصوں سے ملانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے، تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات کے ساتھ کاروبار اور روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے جا سکیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ مالی سال نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا ریونیو 109 ارب روپے سے بڑھ کر 130 ارب روپے ہوگیا، جبکہ رواں مالی سال ریونیو 160 ارب روپے تک پہنچنے کی توقع ہے۔

بریفنگ کے مطابق این ایچ اے اپنے ریونیو سے سیالکوٹ، کھاریاں موٹر وے، کھاریاں، راولپنڈی موٹر وے، پشاور ناردرن بائی پاس، جگلوٹ، سکردو روڈ کی تعمیرِ نو اور پنڈی بھٹیاں، فیصل آباد موٹر وے کی اپ گریڈیشن سمیت متعدد منصوبوں کی فنڈنگ کر رہا ہے۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ این-25 ایکسپریس وے پر کام تیزی سے جاری ہے، جبکہ 16 منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں اور جلد افتتاح کے لیے تیار ہوجائیں گے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ کھاریاں، راولپنڈی موٹر وے، سکھر، حیدرآباد موٹر وے، جی ٹی روڈ نوشہرہ، پشاور کی بحالی اور راولپنڈی، حسن ابدال روڈ کی تعمیرِ نو سمیت متعدد منصوبوں کا جلد سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ سیالکوٹ، کھاریاں اور کھاریاں، راولپنڈی موٹر ویز پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت تعمیر کی جا رہی ہیں، جبکہ کرتارپور اور ننکانہ صاحب کو ملانے والے گورو نانک ایکسپریس وے اور مانسہرہ سے چلاس براستہ ناران ایکسپریس وے کے منصوبے بھی زیر غور ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button