اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان قانون سازی کے معاملے پر جاری ڈیڈلاک ختم ہوگیا۔ دونوں جماعتوں نے انتخابی اصلاحات کے لیے پارلیمانی کمیٹی کے قیام پر اتفاق کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی آئندہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاسوں میں حکومت کی جانب سے پیش کی جانے والی قانون سازی کی حمایت کرے گی۔ انتخابی اصلاحات کمیٹی کی چیئرمین شپ پیپلز پارٹی کو دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی میں پارلیمان میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کو نمائندگی دی جائے گی۔ کمیٹی انتخابی قوانین میں اصلاحات سے متعلق معاملات کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات مرتب کرے گی۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان قانون سازی سمیت دیگر پارلیمانی امور پر مشاورت اور تعاون کا سلسلہ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔




