کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے پارٹی رہنماؤں اور مختلف سرکاری عہدیداروں نے ملاقاتیں کیں، جن میں سندھ اسمبلی کے امور، ٹیکنیکل تعلیم، خواتین کے مسائل اور شہری ترقی سمیت مختلف معاملات پر بریفنگ دی گئی۔
اعجاز جاکھرانی نے بلاول بھٹو زرداری اور فریال تالپور سے ملاقات کرکے ایوان سے متعلق امور پر بریفنگ دی، جبکہ سندھ اسمبلی کے اسپیکر اویس شاہ نے بھی بلاول بھٹو سے ملاقات میں سندھ اسمبلی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔
جنید بلند نے نجی ٹیکنیکل اداروں کو ریگولرائز کرنے، ٹیکنیکل ایجوکیشن کے محکمے کی ڈیجیٹلائزیشن اور 63 اداروں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل پر چلانے کی تجویز سے متعلق بریفنگ دی۔
بلاول بھٹو زرداری سے مسرت رفیق مہیسر اور صادق میمن نے بھی ملاقات کی۔ مسرت رفیق مہیسر نے خواتین کے مسائل جبکہ صادق میمن نے ٹھٹھہ کے عوامی مسائل اور جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔
سکھر کے میئر ارسلان شیخ نے بلاول بھٹو سے ملاقات میں سکھر میونسپل کارپوریشن کی ڈیجیٹلائزیشن، ایک لاکھ سے زائد گھرانوں کو صاف پانی کی فراہمی اور گندے پانی کی ٹریٹمنٹ کے منصوبوں پر بریفنگ دی۔
ارسلان شیخ کے مطابق سکھر میں 50 فیصد سے زائد گندے پانی کی ٹریٹمنٹ جاری ہے، جبکہ اگلے مرحلے میں 100 فیصد گندے پانی کی ٹریٹمنٹ کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
ملاقات کے دوران سکھر اور سندھ کے موسمیاتی موافقت اور شہری ترقی کے مختلف منصوبوں سے متعلق بھی بلاول بھٹو زرداری کو آگاہ کیا گیا۔




