اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کرنے پر سعودی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مستعدی کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی اور تحفظ کے لیے پاکستان کا عزم غیرمتزلزل ہے اور مکہ معاہدے کی روشنی میں پاکستان اپنے عزم پر قائم ہے۔
انہوں نے سعودی مسلح افواج کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے سعودی عرب کی سلامتی کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں اور پاکستان سعودی عرب کے امن، استحکام اور سلامتی کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔




