پاکستان
Trending

دہشت گردی کے خلاف جنگ اولین ترجیح، خیبرپختونخوا کو دہشت گردوں کے حوالے نہیں کریں گے: فیصل کریم کنڈی

 

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری ریڈ لائن ہے، صوبے کو دہشت گردوں کے حوالے نہیں کرسکتے اور دہشت گردی کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تمام سیاسی جماعتوں کا مؤقف ایک ہے اور صوبے کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔

پشاور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک ہے، صوبہ جل رہا ہے جبکہ حکمران عیاشیوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ اپنے ارکان اسمبلی اور عوام کو تحفظ فراہم نہیں کرسکتے تو موجودہ صورتحال پر انہیں اخلاقی طور پر استعفیٰ دے دینا چاہیے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے لانگ مارچ کو سرکس میں تبدیل کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر 9 مئی جیسے اقدامات کی کوشش کی گئی تو اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس کی حفاظت کرنا جانتے ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما اگر ہمت رکھتے ہیں تو صوابی پہنچ کر دکھائیں۔ ان کے مطابق پارٹی کے اہم رہنما اپنے گھروں میں چھپے بیٹھے ہیں، جبکہ صوبے کو دہشت گردی سے نجات دلانے کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام دہشت گردی کے خلاف لڑنے والوں کے ساتھ ہیں اور عوام نے یہ مؤقف مسترد کردیا ہے کہ صوبے کی پالیسی کابل سے چلائی جائے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے ضم اضلاع میں پولیس اسٹیشنوں کی عدم تعمیر پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اب تک سات پولیس اسٹیشن قائم نہیں ہوسکے۔ ان کے مطابق صوبے میں امن و امان کی بہتری اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا صوبائی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

آئینی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پارلیمنٹ سے بڑا کوئی فورم نہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے سیاسی معاملات پر بات چیت کے لیے پارلیمنٹ کا فورم فراہم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق ضرورت پڑنے پر اجلاس بلایا جائے گا۔

فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی اور خیبرپختونخوا کے عوام، امن اور سلامتی کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button