اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کی حمایت جاری رکھے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی اسٹریٹجک، سیاسی اور دفاعی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع اور فیلڈ مارشل نے شرکت کی۔ اجلاس میں علاقائی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور دفاع کے لیے عملی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ شرکا نے اجتماعی دفاع کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
سجاد حیدر خان کے مطابق معاہدے میں شامل رکن ممالک کی سلامتی ایک دوسرے کی سلامتی کا لازمی حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کے تقدس کا ہر حال میں تحفظ یقینی بنایا جانا چاہیے۔
افغانستان سے متعلق ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے ماسکو فارمیٹ اجلاس میں افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی پر اپنے تحفظات واضح طور پر پیش کیے۔
غزہ کی صورتحال پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے تنازع کے خاتمے اور قابل اعتماد سیاسی عمل کے فروغ کے لیے بورڈ آف پیس میں شمولیت اختیار کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بحرین کے وزیر خارجہ کی نائب وزیراعظم سے ملاقات میں علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ پاکستان اور بحرین کے درمیان وزارتی کمیشن کے تیسرے اجلاس کی مشترکہ صدارت بھی کی گئی۔ ترجمان کے مطابق دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت جاری ہے۔




