اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نیشنل ٹیکنالوجی پارک نوجوانوں کے لیے ترقی کے نئے مواقع پیدا کرے گا، جبکہ مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ سے ملک کے مختلف شعبوں میں ترقی کی نئی راہیں کھولی جا سکتی ہیں۔
اسلام آباد میں نیشنل ٹیکنالوجی پارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ دور میں ٹیکنالوجی کی مہارت ہی اصل طاقت ہے۔ یہ منصوبہ محض ایک عمارت نہیں بلکہ جدید ٹیکنالوجی، جدت اور پیشہ ورانہ مہارتوں کے فروغ کا مرکز ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ جدید خطوط پر استوار آئی ٹی پارک لاکھوں نوجوانوں کو بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے ایسے منصوبے انتہائی اہم ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں ترقی اور جدت کے نئے امکانات پیدا کیے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے دانش آئی ٹی پارک کے حوالے سے کہا کہ یہ منصوبہ دانش اسکولوں کی طرح ایک تناور درخت بنے گا اور مستقبل میں نوجوانوں کے لیے ترقی کے نئے راستے کھولے گا۔




