پاکستان
Trending

خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات پر اسحاق ڈار کا اظہارِ تشویش، 800 ارب روپے کے استعمال پر سوال اٹھا دیا

 

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے خیبرپختونخوا میں بڑھتے ہوئے دہشت گردی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کو این ایف سی ایوارڈ کے تحت انسدادِ دہشت گردی کے لیے 800 ارب روپے فراہم کیے گئے، اس رقم کا حساب کون دے گا؟

سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ موجودہ حکومت کو اقتدار سنبھالتے وقت مشکل معاشی حالات کا سامنا تھا، تاہم ملکی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں پالیسی ریٹ اور مہنگائی میں نمایاں کمی آئی ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں مسلسل دہشت گردی کے واقعات پیش آ رہے ہیں اور ان کے بقول صوبائی حکومت انسدادِ دہشت گردی کے لیے مؤثر اقدامات کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت دہشت گردی کے خلاف بھرپور اقدامات کر رہی ہے، جبکہ ملک کو اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

اسحاق ڈار نےوزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے سوال کیا کہ کیا وہ دوبارہ 9 مئی جیسے واقعات دہرانا چاہتے ہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی ملک اپنی عسکری تنصیبات پر حملوں کو برداشت نہیں کرتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان انتشار کی سیاست اور لانگ مارچ کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ اسحاق ڈار نے پاکستان تحریک انصاف پر زور دیا کہ وہ بے بنیاد اور گمراہ کن پروپیگنڈے سے گریز کرے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ حکومت سیاسی مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے معاملات چلانے کے لیے اہل اور قابل افراد کو تعینات کیا گیا ہے، جبکہ وفاقی حکومت ایڈوائزری کونسل کو مکمل معاونت فراہم کرے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button