پاکستان
Trending

استنبول میں سیلاب سے ہلاکتیں، صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کا ترک صدر سے اظہارِ تعزیت

 

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے شہر استنبول میں شدید سیلاب کے باعث ہونے والے جانی نقصان اور املاک کی تباہی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ترک عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں ترک صدر رجب طیب اردوان اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں ترک عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور قدرتی آفت سے متاثر ہونے والے افراد کے لیے ہمت اور حوصلے کی دعا کرتا ہے۔


وزیراعظم شہباز شریف نے بھی استنبول میں سیلاب کے باعث ہونے والی ہلاکتوں اور بڑے پیمانے پر تباہی پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ اپنے عزیز بھائی، ترک صدر رجب طیب اردوان اور اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی اور لاپتا افراد کی بحفاظت بازیابی کے لیے دعا بھی کی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان برادر ملک ترکیہ کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور اس مشکل گھڑی میں ہر ممکن امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

 


واضح رہے کہ استنبول میں شدید سیلاب کے نتیجے میں گھروں اور دیگر املاک کو نقصان پہنچا ہے جبکہ متعدد افراد کی جانیں بھی ضائع ہوئی ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button