کورلا: پاکستان اور چین کی مسلح افواج کے درمیان پہلی مشترکہ فوجی مشق ’’قراقرم 2026‘‘ کا آغاز ہوگیا۔ چین کے صوبے سنکیانگ کے شہر کورلا میں مشق کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں دونوں ممالک کی افواج انسدادِ دہشتگردی اور مشترکہ جنگی تربیت پر توجہ مرکوز کر رہی ہیں۔
مشق کے دوران ڈرون آپریشنز، متحرک اہداف کی تلاش، فائرنگ، طویل فاصلے سے نشانہ بازی، مشترکہ کمانڈ اور عملی جنگی تربیت کی سرگرمیاں شامل ہیں۔ اس موقع پر دونوں ممالک کی افواج انسدادِ دہشتگردی کے شعبے میں اپنے تجربات اور پیشہ ورانہ مہارتوں کا تبادلہ بھی کر رہی ہیں۔
مشترکہ فوجی مشق کا مقصد انسدادِ دہشتگردی کے لیے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا، آپریشنل صلاحیتوں میں بہتری لانا اور دونوں ممالک کی افواج کے درمیان عملی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ مشق کو پاکستان اور چین کے درمیان دفاعی تعاون اور مشترکہ تربیتی سرگرمیوں کے فروغ کی جانب ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔




