پاکستان
Trending

مریم نواز کا جہلم میں خطاب، طلبا کے لیے لیپ ٹاپ، سکالرشپس اور ایک لاکھ سکوٹیز دینے کا اعلان

 

جہلم:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں ترقی کا سفر جاری ہے، عوام کی امانت میں خیانت کرنے والوں کو جواب دینا ہوگا، کرپشن کے خلاف کارروائی میں کسی عہدے یا شخصیت کا لحاظ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے پنجاب بھر میں طلبا کو ایک لاکھ سے زائد الیکٹرک اسکوٹیز فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا۔

جہلم میں ہونہار اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ طلبا کی محنت کا صلہ دینے آئی ہوں، ہونہار بچوں کے والدین کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ والدین اپنے بچوں کے بستوں میں کئی خواب رکھ کر انہیں تعلیمی اداروں میں بھیجتے ہیں، ان خوابوں کو حقیقت بنانے والے بچے انعام کے مستحق ہیں۔

تقریب میں وزیراعلیٰ نے سرکاری یونیورسٹی کے 115 طلبا اور نرسنگ کالج کی 42 طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے جبکہ ہونہار اسکالرشپ کے چیک بھی دیے۔

مریم نواز نے اعلان کیا کہ دسمبر میں طلبا کو الیکٹرک اسکوٹیز فراہم کی جائیں گی۔ پنجاب بھر میں ایک لاکھ سے زائد اسکوٹیز تقسیم کرنے کا منصوبہ ہے اور اسکوٹی حاصل کرنے والے طلبا کو مکمل تربیت بھی دی جائے گی۔ ان کے مطابق بڑی تعداد میں اسکوٹیز تیار کی جا رہی ہیں، اسی وجہ سے تقسیم میں تاخیر ہوئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے خطاب میں سیاسی مخالفین کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن قریب آتے ہی کئی لوگوں کو تکلیف ہونے لگی ہے، لیکن جھوٹ پر مبنی بیانیہ عوامی خدمت کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔ پنجاب میں حالیہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

کرپشن کے معاملے پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ وہ روزانہ کرپشن کے واقعات بے نقاب کرتی ہیں اور کبھی یہ دعویٰ نہیں کیا کہ پنجاب سے کرپشن مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے۔ اگر ان کے کسی وزیر کے خلاف بھی کرپشن کی شکایت موصول ہوئی تو اسے نہیں بخشا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی امانت میں خیانت کرنے والوں سے حساب لیا جائے گا۔

انہوں نے خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں کرپشن کے حوالے سے بھی سوالات اٹھائے اور کہا کہ کیا ان صوبوں میں کرپشن کسی کو نظر نہیں آتی؟ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں اب پیسے کا غرور نہیں چلے گا اور حکومت مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے۔

مریم نواز نے پنجاب حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے 40 شہروں میں نواز شریف اسکول آف ایمیننس قائم کیے جا رہے ہیں، طلبا کو گرین بسوں میں مفت سفر کی سہولت دی گئی ہے جبکہ چھوٹے اور بڑے شہروں میں یکساں ترقیاتی کام جاری ہیں۔

وزیراعلیٰ کے مطابق گزشتہ دو سال میں 50 ہزار کلومیٹر نئی سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں، لاہور میں سب سے بڑا سرکاری کینسر اسپتال بنایا جا رہا ہے جبکہ پنجاب کے 25 چھوٹے شہروں میں امراض قلب کے اسپتال تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ راجن پور اور منڈی بہاؤالدین سمیت مختلف شہروں میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے 50 ہزار اسکولوں میں کروڑوں بچے زیر تعلیم ہیں اور ہر بچے نے ملک کا نام روشن کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے سرکاری اسکول نجی اسکولوں سے بہتر ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button