ٹیکنالوجی
Trending

45 ہزار فٹ بلندی پر پرواز کرنے والا ناسا کا نیا طیارہ، ’’ایکس 70 فریکٹل‘‘ کی تیاری کا اعلان

 

واشنگٹن: امریکی خلائی ادارے ناسا نے مستقبل کی فضائی ٹیکنالوجی پر تحقیق کے لیے نئے تجرباتی طیارے ’’ایکس 70 فریکٹل‘‘ کی تیاری کا اعلان کر دیا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی سے لیس یہ طیارہ پرواز کے نئے طریقوں، فضائی نقل و حرکت اور جدید کنٹرول سسٹمز کی آزمائش کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

ناسا کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق ایکس 70 فریکٹل پائلٹ بردار طیارہ ہوگا، جو 45 ہزار فٹ سے زیادہ بلندی پر پرواز کر سکے گا۔ اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 575 میل فی گھنٹہ، یعنی 0.75 میک مقرر کی گئی ہے، جبکہ ایک مرتبہ پرواز کے دوران یہ تقریباً 1,700 میل کا سفر طے کرنے کی صلاحیت رکھے گا۔

اس طیارے کی خاص بات اس کا منفرد ماڈیولر ڈیزائن ہے، جس کے تحت مختلف سائنسی اور تجرباتی آلات کو ضرورت کے مطابق طیارے کے اندر اور بیرونی حصوں میں نصب یا تبدیل کیا جا سکے گا۔ اس طرح ناسا کے محققین کو ہر نئے تجربے کے لیے الگ طیارہ تیار کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

ایکس 70 فریکٹل میں جدید اور قابلِ تبدیلی فلائٹ کنٹرول سسٹم بھی شامل ہوگا، جس کے ذریعے مختلف فضائی کنٹرول تکنیکوں اور طیارے کی غیر معمولی نقل و حرکت کا جائزہ لیا جا سکے گا۔ طیارہ تقریباً ایک ٹن وزنی تجرباتی سامان بھی لے جانے کی صلاحیت رکھے گا۔

ناسا نے اس منصوبے کے تحت کیے جانے والے مخصوص تجربات کی تفصیلات ابھی جاری نہیں کیں، تاہم ادارے کے مطابق اس پلیٹ فارم سے پائلٹ بردار طیاروں کی پرواز سے متعلق ایسی صلاحیتوں کا مطالعہ ممکن ہوگا جن کا پہلے عملی مظاہرہ نہیں کیا گیا۔

منصوبے کے مطابق ایکس 70 فریکٹل کی پہلی پرواز اگلے دو برس کے دوران متوقع ہے۔ اس کی حقیقی شکل کی تصاویر بھی تاحال سامنے نہیں آئی ہیں اور اب تک صرف کمپیوٹر سے تیار کردہ تصوراتی تصاویر جاری کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ ناسا ہوا بازی کے شعبے میں کئی دہائیوں سے تجرباتی منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔ اس سے قبل ادارے نے ایکس 59 طیارہ بھی تیار کیا، جس کا مقصد سپرسونک پرواز کے دوران پیدا ہونے والے شور کو کم کرنے کے طریقوں پر تحقیق کرنا ہے۔

ایکس 70 فریکٹل بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جس سے حاصل ہونے والی تحقیق مستقبل کے تجارتی اور دفاعی طیاروں کی تیاری اور فضائی سفر کی ٹیکنالوجی میں نئی پیش رفت کا ذریعہ بن سکتی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button