پاکستان
Trending

پاکستان کے معدنی وسائل میں سرمایہ کاری کے نئے امکانات، عالمی سرمایہ کاروں کی اسلام آباد میں بیٹھک، چاروں صوبوں نے اپنے خزانوں کی تفصیلات پیش کردیں

 

اسلام آباد: پاکستان کے معدنی وسائل کو عالمی منڈیوں تک رسائی دینے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کا اسلام آباد میں انعقاد کیا جا رہا ہے۔ دو روزہ فورم میں ملکی سیاسی قیادت، عالمی سرمایہ کاروں، معدنیات کے ماہرین اور بین الاقوامی شراکت داروں کی بڑی تعداد شریک ہے۔

فورم میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور گورنر خیبرپختونخوا شریک ہوئے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین اور وفاقی و صوبائی وزراء بھی تقریب میں موجود ہیں۔

فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پاکستان قدرتی معدنی وسائل سے مالا مال ملک ہے اور پنجاب کے دریاؤں میں قدرتی طور پر بہنے والا خالص سونا موجود ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں کوئلے کے علاوہ 27 اقسام کی معدنیات کی نشاندہی ہوئی ہے، جبکہ تھرپارکر میں گرینائٹ کے وسیع ذخائر موجود ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان معدنی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول یقینی بنایا جا رہا ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں معدنی شعبے کے اندر سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں معدنی وسائل کے شعبے میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ معدنیات کی تلاش کے لیے لائسنس کے اجرا سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کے لیے پورٹل بھی موجود ہے۔

فورم کے دوران پاکستان کے معدنی وسائل کی تلاش، کان کنی اور پراسیسنگ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات اور بین الاقوامی شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 دو روز تک جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں جاری رہے گا اور 13 نومبر کو اختتام پذیر ہوگا۔ فورم کا بنیادی مقصد ملکی معدنی وسائل کو معاشی ترقی کا ذریعہ بنانا، عالمی سرمایہ کاری راغب کرنا اور معدنی شعبے میں بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button