نیویارک:امریکی آٹو موبائل انڈسٹری میں مقامی سطح پر تیار ہونے والی گاڑیوں کی 2026 کی فہرست جاری کی گئی ہے، جس میں ٹیسلا ماڈل 3 نے سب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔رپورٹ میں 21ویں سالانہ امریکن میڈ ان انڈیکس میں مجموعی طور پر 86 گاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔رپورٹ کے لیے 2026 ماڈل کی 379 گاڑیوں کا جائزہ لیا گیا۔ درجہ بندی میں گاڑیوں کی امریکی تیاری، پرزہ جات کی مقامی دستیابی، انجن اور ٹرانسمیشن کے پیداواری ملک اور امریکی افرادی قوت کو اہمیت دی گئی۔
اس سال جیپ گرینڈ چیروکی نے نمایاں ترقی کرتے ہوئے 66 درجے بہتری کے ساتھ چوتھی پوزیشن حاصل کی، جبکہ لیکسس TX 350 بھی 34 درجے اوپر آگئی۔ جیپ گرینڈ چیروکی کے امریکی اور کینیڈین پرزہ جات کے تناسب میں 14 فیصد اضافہ اس ترقی کی بڑی وجہ بنا۔
انڈیکس کے ابتدائی 10 ماڈلز میں امریکی اور کینیڈین پرزہ جات کا اوسط تناسب 70 فیصد رہا، جو مسلسل دوسرے سال برقرار ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ 2020 کے بعد بلند ترین سطح ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 2026 ماڈل کی 119 گاڑیاں مکمل طور پر امریکا میں تیار کی جاتی ہیں، جبکہ 243 گاڑیاں درآمد ہوتی ہیں اور 17 کی تیاری امریکا اور بیرون ملک دونوں مقامات پر کی جاتی ہے۔
رپورٹ میں الیکٹرک گاڑیوں کی پیداوار میں تبدیلی اور بعض مقبول ماڈلز کی بندش کو بھی مارکیٹ کے بدلتے رجحانات کی اہم وجہ قرار دیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق امریکی آٹو انڈسٹری میں مقامی مینوفیکچرنگ، سپلائی چین اور پرزہ جات کی تیاری کو ترجیح دینے کا رجحان مزید مضبوط ہو رہا ہے۔




