بین الاقوامی
Trending

چین کے ساتھ کشیدگی کے دوران فلپائن اور آسٹریلیا کا دفاعی تعاون بڑھانے کا فیصلہ، نیا معاہدہ ہوگیا

 

منیلا: جنوبی بحیرہ چین میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں فلپائن اور آسٹریلیا نے دفاعی تعلقات مزید مستحکم کرنے کے لیے نئے معاہدے پر دستخط کر دیے۔ معاہدے کے تحت مشترکہ فوجی سرگرمیوں اور سکیورٹی تعاون میں اضافہ کیا جائے گا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق معاہدے پر دستخط آسیان کے 49ویں سربراہی اجلاس سے قبل منیلا میں کیے گئے، آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

فلپائن کے وزیر دفاع گلبرٹو تیودورو نے کہا کہ نئے معاہدے سے دونوں ممالک کے درمیان فوجی سرگرمیوں کی منظوری اور رابطہ کاری کا عمل آسان ہوگا۔ انتظامی مراحل کی تعداد 100 سے کم کرکے 10 تک لانے میں مدد ملے گی۔

معاہدے کے تحت بحری، فضائی اور زمینی افواج کے درمیان مشترکہ سرگرمیوں، تربیت، معلومات کے تبادلے اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے تعاون کو وسعت دی جائے گی۔

آسٹریلوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معاہدے سے بحری نگرانی اور دفاعی صلاحیتوں میں بہتری آئے گی، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک روابط بھی مضبوط ہوں گے۔

واضح رہے کہ جنوبی بحیرہ چین میں چین اور فلپائن کے درمیان سمندری حدود کا تنازع جاری ہے۔ آسٹریلیا اس معاملے پر فلپائن کے مؤقف کی حمایت کرتا ہے، جبکہ بیجنگ اتحادی ممالک کی مشترکہ فوجی سرگرمیوں پر تحفظات کا اظہار کرتا رہا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button