نیویارک: مصنوعی ذہانت کے خودمختار ایجنٹس کاروباری اداروں میں تیزی سے جگہ بنا رہے ہیں، تاہم ان کے ذریعے انسانی منظوری کے بغیر فیصلوں اور اقدامات نے ٹیکنالوجی ماہرین کو محتاط رہنے کا انتباہ دے دیا ہے۔
ماہرین کے مطابق خودمختار اے آئی ایجنٹس کو مکمل اختیارات دینے کے بجائے ان کی ڈیٹا تک رسائی، فیصلہ سازی اور عملی کارروائیوں کے لیے واضح حدود مقرر کرنا ضروری ہے۔ نگرانی کے بغیر ان کا ایک غلط فیصلہ متعدد نظاموں کو متاثر کر سکتا ہے۔
ایس اے ایس کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ عملی طور پر استعمال ہونے والے 89 فیصد اے آئی ایجنٹس خودکار اقدامات کر رہے ہیں، جبکہ نصف سے زائد محدود یا بغیر انسانی منظوری کے کام انجام دیتے ہیں۔ تحقیق کے مطابق جنریٹو اے آئی پر اعتماد 76 فیصد اور ایجنٹک اے آئی پر 66 فیصد ہے۔
ماہرین نے کاروباری اداروں کو ہدایت کی ہے کہ اے آئی کے ہر فیصلے اور کارروائی کا ریکارڈ محفوظ کیا جائے، ڈیٹا تک رسائی کے اختیارات محدود رکھے جائیں اور حساس معاملات میں انسانی منظوری لازمی قرار دی جائے۔
صحت، مالیات، روزگار اور عوامی خدمات جیسے حساس شعبوں میں اے آئی کو مکمل فیصلہ ساز بنانے کے بجائے انسانی نگرانی میں کام کرنے کا پابند بنانے پر زور دیا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی ترقی کے ساتھ اس کے استعمال کی ذمہ داری بھی بڑھ رہی ہے۔ مؤثر حفاظتی ضوابط، شفاف فیصلہ سازی اور انسانی جواب دہی کے بغیر خودمختار اے آئی پر اعتماد قائم رکھنا مشکل ہوگا۔




