نیویارک: ٹیسلا نے اپنی خودکار روبوٹیکسی سائبرکاب کو ذاتی استعمال کے لیے فروخت کرنے کا عندیہ دے دیا، منتخب صارفین کو خریداری کی دعوت بھی جاری کردی گئی۔ گاڑی کی قیمت 29 ہزار 990 ڈالر بتائی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سائبرکاب کی خودکار ڈرائیونگ سہولت کے لیے 299 ڈالر ماہانہ سبسکرپشن فیس مقرر کی گئی ہے، تاہم ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک نے اسے کم کرکے تقریباً 115 ڈالر ماہانہ کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔
دو نشستوں والی اس الیکٹرک گاڑی کو مکمل خودکار ڈرائیونگ کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ ٹیسلا کے شعبہ مصنوعی ذہانت کے سربراہ کے مطابق سائبرکاب انہی علاقوں میں بغیر انسانی نگرانی کے کام کرے گی جہاں کمپنی کی روبوٹیکسی سروس دستیاب ہے۔
ایلون مسک کے مطابق گاڑی کی ملک گیر دستیابی حکومتی منظوریوں سے مشروط ہوگی، جبکہ کمپنی کا ہدف رواں سال کے اختتام تک اس کی عوامی فروخت شروع کرنا ہے۔
یاد رہے کہ ٹیسلا نے جون 2025 میں امریکی شہر آسٹن میں بغیر ڈرائیور روبوٹیکسی سروس شروع کی تھی، جسے بعد ازاں ڈیلاس، ہیوسٹن اور میامی تک توسیع دی گئی۔




