انطالیہ: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے شدید متاثر ہو رہا ہے، موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔
انطالیہ میں موسمیاتی تبدیلی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں 2022 کے دوران تاریخ کا بدترین سیلاب آیا، جس سے لاکھوں افراد متاثر ہوئے جبکہ گھروں، زرعی زمینوں اور اسکولوں کو بھی نقصان پہنچا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ عالمی کاربن اخراج میں پاکستان کا حصہ صرف ایک فیصد ہے، اس کے باوجود پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے اور غربت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان کو سیلاب، خشک سالی اور ساحلی علاقوں کو درپیش خطرات کا سامنا ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے لاکھوں گھر تعمیر کیے ہیں۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر تعاون اور مشترکہ اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔




