کھیل
Trending

جنوبی افریقہ کے خلاف بنگلہ دیش کا بڑا سکور، ہردوئے اور لٹن داس نے سنچریاں جڑ دیں

 

جوہانسبرگ: بنگلہ دیش نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں اپنی گرفت مضبوط کرلی،ہردوئے اور لٹن داس کی سنچریوں کی بدولت مہمان ٹیم پہلی اننگز میں 400 رنز بنانے میں کامیاب ہوگئی، جبکہ جواب میں جنوبی افریقہ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 18 رنز بنا لیے۔

وانڈرز سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ کے دوسرے روز بنگلہ دیش نے اپنی نامکمل اننگز 316 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی۔ لٹن داس نے 92 رنز سے اننگز آگے بڑھاتے ہوئے 154 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔ وہ 120 رنز بنا کر ڈین پیٹرسن کی گیند پر وین مولڈر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ یہ جنوبی افریقہ میں ان کی پہلی ٹیسٹ سنچری اور مجموعی طور پر آٹھویں سنچری تھی، جسے انہوں نے اپنی بیٹی انایرا کے نام کیا۔

ہردوئے نے 137 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر بنگلہ دیش کے بڑے مجموعے کی بنیاد رکھی۔ آخری لمحات میں حسن محمود اور تسکین احمد نے بھی جارحانہ بیٹنگ کی اور ٹیم کو 400 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کگیسو ربادا نے 70 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ڈین پیٹرسن نے 92 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

400 رنز کے جواب میں جنوبی افریقہ کا آغاز مایوس کن رہا۔ تجربہ کار اوپنر ایڈن مارکرم صرف 4 رنز بنا کر حسن محمود کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

دوسرے روز کھانے کے وقفے تک جنوبی افریقہ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 18 رنز بنائے تھے۔ مارکس ایکرمین 7 اور زبیر حمزہ 4 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ میزبان ٹیم کو بنگلہ دیش کی پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کے لیے مزید 382 رنز درکار ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button