ٹیکنالوجی
Trending

لندن: اے آئی سے بچوں کے جنسی استحصال کی رپورٹس میں ریکارڈ اضافہ

 

لندن: مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے بچوں کے جنسی استحصال پر مبنی تصاویر کی رپورٹس میں دو سال کے دوران 8,400 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے۔ ایڈنبرا میں قائم ادارے چائلڈ لائٹ کی تحقیق کے مطابق ایسی رپورٹس کی تعداد 2023 میں تقریباً 4,700 تھی، جو 2025 میں بڑھ کر 4 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔

دی گارڈین کے مطابق اے آئی کے ذریعے بچوں کی جعلی جنسی تصاویر تیار کرکے انہیں بلیک میلنگ، رقم طلب کرنے اور مزید تصاویر حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

چائلڈ لائٹ کی عالمی ڈائریکٹر برائے ڈیٹا پروفیسر ڈیبی فرائی نے کہا کہ مصنوعی ذہانت سے بچوں کو لاحق خطرات تیزی سے بڑھ رہے ہیں، اس لیے حکومتوں اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کو فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

انٹرنیٹ واچ فاؤنڈیشن کی رپورٹ کے مطابق 2026 کی پہلی ششماہی میں 6,310 ایسی اے آئی تصاویر کی نشاندہی کی گئی جو بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق قانونی تعریف پر پوری اترتی تھیں۔ یہ تعداد 2025 کے مجموعی اعداد و شمار سے تقریباً 40 فیصد زیادہ ہے۔

چائلڈ لائٹ کے تخمینے کے مطابق دنیا بھر میں 30 کروڑ سے زائد بچے اپنی زندگی میں ٹیکنالوجی کے ذریعے جنسی استحصال یا بدسلوکی کا سامنا کر چکے ہیں۔

ادارے کے چیف ایگزیکٹو پال اسٹین فیلڈ نے حکومتوں پر زور دیا کہ بچوں کے جنسی استحصال کو قابلِ تدارک صحتِ عامہ کا ہنگامی بحران تسلیم کیا جائے اور اس کی روک تھام کے لیے بہتر قوانین، عالمی تعاون اور مؤثر حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ بروقت اقدامات اور بین الاقوامی تعاون سے بچوں کو آن لائن اور حقیقی دنیا میں جنسی استحصال سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button