اسلام آباد:نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان آئندہ دو سال تک اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی سربراہی کرے گا، اس دوران علاقائی ترقی، امن، استحکام اور رکن ممالک کے درمیان روابط کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ای سی او کے چارٹر پر مکمل عملدرآمد کے لیے پُرعزم ہے۔ چیئرمین شپ کے پہلے سال رکن ممالک کے درمیان رابطوں کو فروغ دیا جائے گا، جبکہ وژن 2026 سے 2035 خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مستقبل کی سمت متعین کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی وسائل کی ترقی، ماحولیاتی تحفظ اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون کو ترجیح دی جائے گی۔ پاکستان تمام تنازعات کا حل مذاکرات کے ذریعے چاہتا ہے کیونکہ علاقائی امن و استحکام ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے حوالے سے نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان پُرامن حل کے لیے پُرامید ہے۔ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کے ساتھ تمام امور پر مفید بات چیت ہوئی ہے، جبکہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت معاملات آگے بڑھنے چاہئیں۔ انہوں نے ایران میں آئندہ ماہ ای سی او سربراہی اجلاس کے انعقاد کا خیرمقدم بھی کیا۔
افغانستان سے متعلق اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے افغان عبوری حکومت کو تسلیم نہیں کیا اور اس حوالے سے پاکستان کا مؤقف واضح ہے۔ پاکستان مستحکم اور خوشحال افغانستان کا خواہاں ہے، لیکن سرحد پار دراندازی کا سلسلہ جاری ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاک افغان سرحد بند ہونے کے باوجود انسانی بنیادوں پر کنٹینرز افغانستان بھیجنے کی اجازت دی گئی۔ افغانستان اگر ایک قدم آگے بڑھائے گا تو پاکستان دو قدم آگے بڑھنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ پاکستان کب تک اپنے شہداء کے جنازے اٹھاتا رہے گا؟
اسحاق ڈار نے ای سی او وزرائے کونسل کے 30ویں اجلاس میں شرکت کرنے والے رکن ممالک کے وفود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔




