واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایشیا کے کئی روزہ دورے پر روانہ ہو رہے ہیں، جس کے دوران عالمی سیاست کے تین اہم رہنماؤں ٹرمپ، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ کی ملاقات متوقع ہے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق اس ملاقات میں جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کی روک تھام سمیت عالمی سلامتی سے متعلق اہم معاملات زیرِ غور آئیں گے۔ ایران اور یوکرین کی جنگ بھی مذاکرات کے اہم موضوعات میں شامل ہوگی۔
صدر ٹرمپ نے دورے سے قبل اسے اہم قرار دیتے ہوئے عندیہ دیا ہے کہ چین میں شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن سے بھی ملاقات ہو سکتی ہے۔
امریکی صدر اپنے دورے کا آغاز فلپائن سے کریں گے، جہاں وہ آسیان سربراہ اجلاس میں شرکت کے علاوہ جاپان، بھارت اور آسٹریلیا کے رہنماؤں سے علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ٹرمپ کے دورے میں تھائی لینڈ کے ساتھ تجارتی معاہدے پر دستخط اور فلپائن کے صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر سے سرکاری ملاقات بھی شامل ہے۔
بعد ازاں امریکی صدر چین کے شہر شین ژین پہنچیں گے، جہاں اے پیک سربراہ اجلاس کے موقع پر مختلف ممالک کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔ جمعرات کو ان کی پیوٹن اور شی جن پنگ سے ملاقات متوقع ہے۔
وائٹ ہاؤس کے ایک سینئر عہدیدار کے مطابق ایلون مسک بھی صدر ٹرمپ کے ہمراہ ایشیا کا دورہ کریں گے، تاہم وہ روسی اور چینی صدور کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں شریک نہیں ہوں گے۔
توقع کی جا رہی ہے کہ اس دورے میں ہونے والی سفارتی بات چیت سے امریکہ، روس اور چین کے تعلقات، عالمی سلامتی اور جاری تنازعات کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آ سکتی ہے۔




