ٹیکنالوجی
Trending

یورپی یونین کی ہائبرڈ گاڑیوں پر ممکنہ پابندیاں، ترکیہ کی برآمدات داؤ پر لگ گئیں

 

استنبول: یورپی یونین کی جانب سے ہائبرڈ گاڑیوں کی درآمد محدود کرنے کی تیاری سے ترکیہ کی آٹو موبائل صنعت کو نئے تجارتی چیلنج کا سامنا ہے، جبکہ ترک گاڑیوں کی یورپی منڈی میں رسائی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ترک میڈیا کے مطابق یورپی یونین نے 30 اکتوبر کو غیر یورپی ممالک سے ہائبرڈ گاڑیوں کی درآمد کے حوالے سے حفاظتی تحقیقات شروع کی ہیں، جن میں چین کے علاوہ ترکیہ بھی شامل ہے۔ اس سے قبل یورپی یونین نے 2024 میں چین میں تیار ہونے والی الیکٹرک گاڑیوں پر اضافی محصولات عائد کیے تھے۔

ترکیہ نے 26 اکتوبر کو عالمی تجارتی تنظیم کی کمیٹی برائے حفاظتی اقدامات میں اس معاملے پر اپنا مؤقف پیش کیا ہے۔ متاثرہ ممالک اور گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں کو 20 نومبر تک یورپی کمیشن کو اپنی تجاویز اور تحفظات جمع کرانے کی مہلت دی گئی ہے۔

صنعتی ذرائع کے مطابق یورپی یونین کی تحقیقات کا فیصلہ ترکیہ کو مجوزہ ’میڈ اِن ای یو‘ فریم ورک میں شامل کرنے سے متعلق مذاکرات سے پہلے سامنے آ سکتا ہے۔ پابندیاں نافذ ہوئیں تو ترکیہ کے لیے ہائبرڈ گاڑیوں کی سالانہ برآمدی حد مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔

مثال کے طور پر اگر ترکیہ کو سالانہ 2 لاکھ ہائبرڈ گاڑیاں برآمد کرنے کی اجازت دی گئی تو اس حد سے زیادہ برآمدات پر اضافی محصولات عائد ہو سکتے ہیں۔

یوروسٹیٹ کے 2025 کے اعداد و شمار کے مطابق یورپی یونین کی غیر رکن ممالک سے درآمد کی جانے والی نان پلگ اِن ہائبرڈ گاڑیوں کی مجموعی مالیت میں ترکیہ کا حصہ 18 فیصد تھا، جس کے باعث وہ جاپان اور برطانیہ کے بعد تیسرے نمبر پر رہا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button