راولپنڈی: برطانیہ کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل سر چارلس رولینڈ ونسنٹ واکر کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے فوجی وفد نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
ملاقات میں خطے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان و برطانیہ کے درمیان دفاعی و سیکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر گفتگو ہوئی۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ خوشگوار تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دوطرفہ عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے برطانیہ کے ساتھ دفاعی تعلقات میں مزید وسعت لانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔
برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف نے پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے ان کی خدمات کو بھی تسلیم کیا۔




