اسلام آباد: ترک فضائیہ کے سربراہ جنرل رفعت دالکران کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے وفد نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون، ایرو اسپیس ٹیکنالوجی اور فضائی شعبے میں دوطرفہ اشتراک کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ترک فضائیہ کے اہلکاروں اور پائلٹوں کی تربیت سمیت پیشہ ورانہ ترقی کے مختلف شعبوں میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ترک فضائیہ کے سربراہ جنرل رفعت دالکران نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل صلاحیتوں اور اعلیٰ کارکردگی کو سراہا۔
دونوں فضائی سربراہان کی ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور فضائی تعاون کے نئے مواقع سے استفادہ کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔




