پاکستان
Trending

ٹرمپ کی مودی سمیت کواڈ رہنماؤں سے ملاقات، چین کے ساتھ مذاکرات سے پہلے علاقائی اتحاد کا مظاہرہ

 

منیلا: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلپائن میں بھارت، جاپان اور آسٹریلیا کے رہنماؤں کے ساتھ کواڈ سربراہی اجلاس میں شرکت کی، جہاں علاقائی سلامتی، معاشی استحکام اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔ یہ ملاقات ٹرمپ کے چین اور روس کے رہنماؤں کے ساتھ متوقع مذاکرات سے قبل ہوئی ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی، جاپانی وزیرِ اعظم سانائے تاکائیچی اور آسٹریلوی وزیرِ اعظم انتھونی البانیز سے ملاقات کی۔

دو سال کے وقفے کے بعد منعقد ہونے والے اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ چاروں ممالک آزاد، کھلے، مستحکم اور خوشحال ہند و بحرالکاہل خطے کے لیے مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے چاروں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات اور علاقائی سلامتی و معاشی تحفظ کے حوالے سے تعاون کو سراہا۔

امریکی صدر نے اجلاس میں مصنوعی ذہانت کے شعبے میں نئے ایکسلریٹر منصوبے کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد جدید ٹیکنالوجی کی ترقی میں مشترکہ مفادات رکھنے والے ممالک کا کردار بڑھانا ہے۔

کواڈ اجلاس ایسے وقت میں ہوا ہے جب ٹرمپ اپنے ایشیائی دورے کے اگلے مرحلے میں چین کے شہر شین ژین جائیں گے۔ وہاں وہ ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اپیک) فورم میں شرکت کریں گے، جبکہ چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ سہ فریقی مذاکرات بھی متوقع ہیں۔

امریکہ کے سابق نائب وزیرِ خارجہ کرٹ کیمبل نے کواڈ اجلاس کو چین اور روس کے ساتھ مجوزہ مذاکرات سے قبل ایک اہم سفارتی پیغام قرار دیا۔ ان کے مطابق امریکہ اور جاپان کے تعلقات ایشیا میں امریکی حکمتِ عملی کا بنیادی ستون ہیں۔

چین کواڈ اتحاد کو اپنے خلاف سرگرمیوں کے تناظر میں دیکھتا ہے اور ماضی میں اسے اپنے گرد گھیرا تنگ کرنے کی کوشش قرار دے چکا ہے۔ تاہم کواڈ کے رکن ممالک کا کہنا ہے کہ یہ اتحاد کسی ایک ملک کے خلاف نہیں بنایا گیا۔
جاپانی وزیرِ اعظم سانائے تاکائیچی نے کہا کہ عالمی نظام اس وقت شدید عدم استحکام سے گزر رہا ہے اور جاپان خطے میں زیادہ فعال کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے آسیان ممالک کے ساتھ معاشی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے، اہم معدنیات کی فراہمی کے ذرائع متنوع بنانے اور مصنوعی ذہانت کے باعث پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے پر زور دیا۔

دوسری جانب ٹرمپ کے دورے کے دوران منیلا میں مسلسل پانچویں روز بھی احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ مظاہرین نے امریکی قیادت میں شروع کیے گئے ’پیکس سلیکا‘ سپلائی چین منصوبے کی مخالفت بھی کی۔

رائٹرز کے مطابق ٹرمپ اپنے دورے کے دوران فلپائن کے صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر سے بھی ملاقات کریں گے، جس کے بعد وہ چین روانہ ہوں گے۔

امریکی صدر کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان تجارتی اختلافات، مصنوعی ذہانت کے لیے استعمال ہونے والی چِپس کی برآمد پر پابندیوں اور عالمی معاشی و سفارتی معاملات پر اختلافات بدستور موجود ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button