نیویارک :ٹویوٹا کی ہائبرڈ ایس یو وی وینزا کا 2021 ماڈل پانچ سال گزرنے کے باوجود استعمال شدہ گاڑیوں کی مارکیٹ میں ایک مضبوط انتخاب سمجھا جا رہا ہے۔ کم ایندھن خرچ، بہترین ڈرائیونگ رینج اور قابلِ اعتماد کارکردگی اس کی نمایاں خصوصیات ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 2021 وینزا میں 2.5 لیٹر چار سلنڈر ہائبرڈ انجن دیا گیا ہے، جو 219 ہارس پاور پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ گاڑی میں آل وہیل ڈرائیو اور ای سی وی ٹی ٹرانسمیشن بھی معیاری طور پر شامل ہیں۔
فیول اکانومی کے لحاظ سے یہ گاڑی شہر میں 40 اور ہائی وے پر 37 میل فی گیلن کی کارکردگی دیتی ہے، جبکہ مجموعی ڈرائیونگ رینج 566 میل تک ہے۔
اندرونی سہولیات میں 12.3 انچ تک ٹچ سکرین، ایپل کار پلے، اینڈرائیڈ آٹو، ایمیزون الیکسا اور پریمیم آڈیو سسٹم شامل ہیں۔ جے ڈی پاور نے اس ماڈل کی مجموعی کارکردگی کو 100 میں سے 81 پوائنٹس دیے ہیں۔
امریکی مارکیٹ میں استعمال شدہ 2021 وینزا کے بنیادی ماڈل کی قیمت تقریباً 22 ہزار ڈالر جبکہ اعلیٰ ماڈل کی قیمت 25 ہزار 800 ڈالر بتائی گئی ہے۔ ٹویوٹا نے 2024 کے بعد اس گاڑی کی تیاری بند کردی تھی، تاہم اس کی ہائبرڈ ٹیکنالوجی اور مناسب قیمت اسے اب بھی قابلِ توجہ بناتی ہے۔




