اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب پر حوثی حملوں کو علاقائی امن و سلامتی کے لیے خطرہ سمجھتا ہے اور سعودی عرب کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے اس کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
دفتر خارجہ میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران ترجمان نے کہا کہ ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ پر حوثی حملہ سعودی عرب کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ شہری بنیادی ڈھانچے اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حملوں کا فوری خاتمہ ہونا چاہیے۔
ترجمان نے غزہ میں اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور دو ریاستی حل کی حمایت کرتا ہے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھی مسلم وزرائے خارجہ کے ہمراہ اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی ہے۔
سجاد حیدر خان نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے انطالیہ میں لیڈرز سمٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔ وزیراعظم نے ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات بھی کی، جس میں مشترکہ دفاعی معاہدے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق پاکستان نے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ اجلاس کی میزبانی کی۔ اجلاس میں رکن ممالک کے دوطرفہ تعلقات اور علاقائی تنظیموں کے ساتھ تعاون بڑھانے پر غور کیا گیا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اٹلی اور سویڈن کے ساتھ مشاورتی اجلاسوں میں شرکت کی جبکہ آسیان کے سیکریٹری جنرل سے بھی ملاقات کی۔
افغانستان سے متعلق ترجمان نے کہا کہ ای سی او میں افغانستان کی رکنیت معطل ہے اور پاکستان نے افغان طالبان حکومت کو تسلیم نہیں کیا۔ پاکستان افغانستان کو پرامن، خوشحال اور مستحکم ملک دیکھنا چاہتا ہے، تاہم افغان حکام کو ہمسایہ ممالک کے جائز سیکیورٹی خدشات دور کرنے چاہئیں۔
بھارت سے متعلق سوال پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ میں بھارتی مندوب کی جانب سے قدرتی وسائل سے متعلق الزامات بے بنیاد ہیں، پاکستان انہیں سختی سے مسترد کرتا ہے۔ بھارت کو بے بنیاد بیانات کے بجائے اپنے مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔




