کراچی: سندھ حکومت نے صوبے کے نوجوانوں کو بین الاقوامی فری لانسنگ مارکیٹ سے منسلک کرنے کے لیے اہم اقدام کا فیصلہ کیا ہے۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ’’آئی ورک فار سندھ‘‘ کے ذریعے نوجوانوں کو عالمی فری لانسنگ منصوبوں تک رسائی فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ فری لانسنگ دنیا بھر میں روزگار اور آمدنی کا ایک اہم ذریعہ بن چکی ہے، حکومت سندھ بھی نوجوانوں کو اس شعبے میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں اور فری لانسرز کو بین الاقوامی مارکیٹ میں کام حاصل کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر بروئے کار لا سکیں۔
سینئر وزیر کے مطابق فری لانسنگ کے شعبے میں خواتین کی شمولیت بڑھانے کے لیے خصوصی فیچر بھی متعارف کرایا جائے گا، جس سے خواتین کو بھی عالمی مارکیٹ میں کام کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔




