پشاور:گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے بغیر حکومت بن گئی ہے اور چلے گی بھی، سیاسی تلخیاں ختم کرنے کے لیے بات چیت اور مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دشنام طرازی کے بغیر بھی سیاست کی جاسکتی ہے، سیاسی رہنماؤں کو وضع داری اور بصیرت کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے کبھی مولانا فضل الرحمان کو گالی نہیں دی اور نہ ہی میڈیا میں کسی کے خلاف گالم گلوچ کی۔ مولانا نے شہدا اور ریاست کے خلاف غلط بات کی تھی۔
گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز جان فشانی سے اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہیں، امن کے قیام کے لیے مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ضرور جیتیں گے اور صوبے میں امن و امان قائم کریں گے۔




