لندن: مصنوعی ذہانت کے ذریعے معروف شخصیات کی جعلی تصاویر، ویڈیوز اور آوازیں تیار کرنے کے بڑھتے ہوئے رجحان کے پیش نظر ٹک ٹاک نے ڈیپ فیک مواد کی شناخت کے لیے عالمی سطح پر نیا ٹول متعارف کرا دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس ٹول کے ذریعے سیاست دان اور ٹک ٹاک پر بڑی تعداد میں فالوورز رکھنے والی شخصیات اپنی شناخت اور تصاویر کے غیر مجاز استعمال سے تیار کردہ اے آئی مواد کی نشاندہی کرکے اس کی رپورٹ کر سکیں گی۔
ٹک ٹاک کا یہ اقدام آئندہ سال یورپ میں ہونے والے انتخابات کے پیش نظر بھی اہمیت رکھتا ہے، جہاں مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ گمراہ کن مواد انتخابی عمل اور عوامی رائے کو متاثر کرنے کا خدشہ پیدا کر سکتا ہے۔ نیا ٹول سیاست دانوں اور سرکاری حکام کو ان کی رضامندی کے بغیر تیار کیے گئے ممکنہ جعلی مواد کی نشاندہی میں مدد دے گا۔
دوسری جانب یورپی یونین نے بھی اے آئی سے تیار کردہ مواد پر لیبل لگانے کے لیے نئے ضوابط متعارف کرائے ہیں، جبکہ یوٹیوب بھی اپنے تخلیق کاروں کو ڈیپ فیک شناخت کرنے کی سہولت فراہم کر رہا ہے۔
ٹک ٹاک کا نیا اقدام ڈیجیٹل دنیا میں شناخت کے تحفظ اور مصنوعی ذہانت کے غلط استعمال کی روک تھام کے لیے ٹیکنالوجی کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی کوششوں کا حصہ ہے۔




