لندن: ویڈیو گیم گرینڈ تھیفٹ آٹو 6 (GTA VI) کی غیر معمولی مقبولیت نے دنیا بھر میں توجہ حاصل کرلی ہے، گیم کی ریکارڈ ساز متوقع آمدن کے بعد اسے دہائی کا سب سے بڑا ثقافتی ایونٹ قرار دینے سے متعلق بحث شروع ہوگئی ہے۔
دی گارڈین کی رپورٹ کے مطابق جی ٹی اے 6 کی تیاری پر تقریباً ایک ارب ڈالر خرچ ہوئے، جبکہ اس منصوبے پر 13 سال تک کام جاری رہا اور 5 ہزار افراد نے حصہ لیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گیم کی ریلیز سے قبل اور پہلے روز تقریباً 2 کروڑ 40 لاکھ کاپیاں فروخت ہونے کا تخمینہ لگایا گیا، جس سے 2 ارب 36 کروڑ ڈالر آمدن متوقع ہے۔ گیم کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ سوشل میڈیا پر اس کی ویڈیوز اور مباحثے مسلسل گردش کر رہے ہیں۔
دی گارڈین کے مطابق ویڈیو گیمز کی صنعت آمدنی کے لحاظ سے فلم اور موسیقی کی صنعتوں سے آگے نکل چکی ہے۔ تاہم گیم کی زیادہ قیمت، تشدد اور جنسی مواد کے باعث ہر طبقے کی اس میں یکساں دلچسپی نہیں۔
رپورٹ کے مصنف کے مطابق جی ٹی اے 6 گیمنگ کی دنیا کا ایک بڑا ایونٹ ضرور ہے، تاہم یہ سوال برقرار ہے کہ کیا اس کی مقبولیت اسے پوری دہائی کا سب سے بڑا مشترکہ ثقافتی تجربہ بنا سکتی ہے؟




