اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور پرتگال کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سفارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے پرتگالی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے پرتگال کے وزیر مملکت و امور خارجہ پاؤلو رانجل نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں اور اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے علاقائی مکالمے میں پاکستان کے کردار کو تسلیم کرنے اور یورپی یونین کی جی ایس پی پلس اسکیم کے تحت پاکستان کی حمایت پر پرتگال کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مشترکہ وزارتی کمیشن کے قیام کی پاکستانی تجویز قبول کرنے کو بھی خوش آئند قرار دیا۔
وزیراعظم نے پرتگالی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں قابلِ تجدید توانائی، فوڈ پروسیسنگ، زرعی ترقی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔
ونوں رہنماؤں نے پاکستان پرتگال بزنس فورم کے انعقاد کو بھی اہم پیش رفت قرار دیا، جس میں تقریباً 20 پرتگالی کمپنیوں نے شرکت کی۔ ملاقات میں زیتون کی کاشت، زرعی ٹیکنالوجی کی منتقلی، ہنرمند افرادی قوت، تعلیمی روابط اور ثقافتی تبادلوں کے فروغ پر بھی گفتگو ہوئی۔



