اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری سے پرتگال کے وزیر خارجہ پاؤلو رانگل نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور پرتگال کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور تجارت، سرمایہ کاری، زراعت اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان اور پرتگال کے درمیان دوطرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔
صدر مملکت نے تعلیم، تحقیق، ٹیکنالوجی اور کھیلوں کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا، جبکہ پاکستان کے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے لیے پرتگال کی حمایت کو قابل تحسین قرار دیا۔
اس موقع پر پرتگال کے وزیر خارجہ پاؤلو رانگل نے کہا کہ پاکستان اور پرتگال کے تعلقات کو مضبوط معاشی اور ثقافتی تعاون میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پرتگال میں 60 ہزار سے زائد پاکستانی مقیم ہیں، جو وہاں کے معاشرے میں اچھی طرح گھل مل چکے ہیں۔ پرتگال میں 600 سے زائد پاکستانی طلبہ زیر تعلیم ہیں، جبکہ درجنوں طلبہ اسکالرشپس سے بھی مستفید ہو رہے ہیں۔



