اسلام آباد:خلائی دنیا میں پاکستان کی نمائندگی کا ایک نیا باب رقم ہونے جا رہا ہے۔ چین کے خلائی مشن میں شامل پاکستانی خلا باز کی سہولت کے لیے خصوصی حلال خوراک کا انتظام کیا گیا ہے، جبکہ مشن سے متعلق تمام ضروری ہدایات چینی اور انگریزی زبانوں میں تیار کی گئی ہیں۔
چین کے جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر میں شین ژو 24 مشن کی روانگی سے قبل مکمل مشق کی گئی، جس میں خلائی جہاز میں سوار ہونے، روانگی کی تقریب اور مشن کے مختلف مراحل کی تیاریوں کو جانچا گیا۔
چینی خلائی مرکز کے حکام کے مطابق تینوں خلا بازوں نے مشق میں تمام مراحل درست انداز میں مکمل کیے اور زمینی کنٹرول ٹیم کے ساتھ مؤثر رابطہ برقرار رکھا۔
پاکستانی خلا باز کی غذائی ترجیحات کو خاص اہمیت دیتے ہوئے حلال خلائی خوراک کا بندوبست کیا گیا ہے۔ دوسری جانب خلائی سفر کے دوران زبان کی رکاوٹ دور کرنے کے لیے چینی اور انگریزی میں آپریشنل ہدایات بھی مرتب کی گئی ہیں۔
مشن کی روانگی سے قبل خلا بازوں کی طبی نگرانی، جسمانی فٹنس اور ذہنی تیاریوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔




