پشاور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانا اور دہشتگردی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے، جبکہ غیر قانونی مائننگ کے خلاف بھی کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ فیصلہ کن ہے، عوام اور سکیورٹی فورسز کے تعاون سے اس جنگ میں کامیابی حاصل کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ گورنر راج کے بعد پہلا ہدف دہشتگردی کے خلاف جنگ ہے۔
گورنر نے بتایا کہ صوبے میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے اور غیر قانونی مائننگ کرنے والوں کے لائسنس منسوخ کیے گئے ہیں۔ آئندہ مائننگ کے ٹھیکے کسی شخصیت کے بجائے کمپنیوں کے نام پر دیے جائیں گے تاکہ اس شعبے میں قانونی طریقہ کار کو یقینی بنایا جا سکے۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ صوبے میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ وفاقی حکومت کی جانب سے 160 ارب روپے کا ترقیاتی پیکیج فراہم کیا گیا ہے، جس پر وہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 60 ارب روپے میں سے 70 فیصد رقم خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں خرچ کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن کے قیام، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔




